Published: 29-11-2023
ٹوکیو: امریکا کا فوجی طیارہ جاپان کے جزیرے پر گر کر تباہ ہوگیا جس میں 6 افراد سوار تھے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوب مغربی جاپان کے ایک جزیرے یاکوشیما کے اوپر محو پرواز امریکی فوجی ہائبرڈ طیارے جو ایک ہیلی کاپٹر کے طور پر بھی کام کرسکتا تھا کے انجن میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔امریکی طیارہ جاپان کے مغربی یاماگوچی پریفیکچر کے ایواکونی اڈے سے جنوب مغربی علاقے اوکیناوا کے کڈینا بیس کی طرف جا رہا تھا۔ آگ لگنے کے بعد امریکی فوج کے طیارے نے یاکوشیما ہوائی اڈے پر اترنے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہوسکا اور زمین بوس ہوگیا۔جس وقت طیارہ گرا اس میں آگ لگی ہوئی تھی۔ حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر 6 کشتیاں اور 2 ہیلی کاپٹرز کو ریسکیو آپریشن کے لیے بھیجا گیا ہے۔جاپان کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ جائے حادثہ کے قریب سے ایک شخص مردہ حالت میں پایا گیا۔ یاد رہے کہ طیارے میں 6 افراد سوار تھے جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔