ن لیگ میں اختلافات شدید، دانیال عزیز کا آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا امکان

Published: 08-12-2023

Cinque Terre

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے درمیان اختلافات شدید نوعیت اختیار کرگئے ہیں، جس کی وجہ سے مقامی سیاست میں ن لیگ کو بڑے نقصان کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) میں سینئر رہنماؤں کے آپس کے اختلافات کی وجہ سے مختلف اضلاع میں پارٹی کو سیاسی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔پنجاب کے ضلع نارووال میں احسن اقبال اور دانیال عزیز کی لڑائی سے مقامی سیاست میں مسلم لیگ ن کو بڑا ڈینٹ پڑنے کا امکان ہے۔ پارٹی قیادت نے نواز شریف کا ساتھ دینے اور 5 سال نااہلی بھگتنے والے سینئر لیگی رہنما دانیال عزیز کو شوکاز نوٹس جاری کردیا جس پر حلقے کے عوام نے شدید احتجاج کیا۔لیگی ذرائع کے مطابق علاقہ مکینوں اور اہم قریبی ساتھیوں نے دانیال عزیز کو آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا مشورہ دیا ہے جبکہ علاقے کی بااثر شخصیات، برادریوں اور پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کی صورت میں دانیال عزیز کی مکمل حمایت کا عندیہ دیا ہے۔لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تو وہ اپنے پورے پینل کے ساتھ میدان میں اتریں گے جبکہ قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کے لئے اپنے ساتھیوں کے ناموں کا اعلان بھی کر سکتے ہیں۔دوسری جانب دانیال عزیز نے اس حوالے سے تاحال کسی قسم کی کوئی تردید یا تصدیق نہیں کی البتہ انہوں نے لیگی قیادت کا نام لیے بغیر چند شخصیات کو کارکردگی کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔