دہشت گردوں کے پاس جدید امریکی اسلحہ کہاں سے آیا؟ تحقیقات کرائی جائیں، محمد علی درانی

Published: 17-12-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: سابق وفاق وزیر محمد علی درانی نے دہشت گردوں کے پاس جدید امریکی اسلحہ کی موجودگی کے انکشاف پر سوال اٹھاتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجودہ دہشت گردی ماضی کے مقابلے میں اس لیے زیادہ خطرناک ہے کیونکہ اس میں امریکی اسلحہ اور ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے۔محمد علی درانی نے کہا کہ ماضی میں روسی اسلحہ سے ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور اب عوام، افواج پاکستان اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو یقینی طور پر متحد ہو کر امریکی اسلحہ سے ہونے والی دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ’یہ ایک بڑی دلچسپ حقیقت ہے کہ اس وقت اسرائیل جس اسلحہ اور ٹیکنالوجی سے فلسطینوں کا قتل عام کررہا ہے اسی ٹیکنالوجی اور اسلحہ سے پاکستان میں دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔سابق وفاقی وزیر نے عالمی برادری سے نوٹس لینے پر زور دیا اور کہا کہ امریکا سمیت اقوام متحدہ کو سنجیدہ اقدامات اٹھانے چاہئیں ورنہ نائن الیون جیسی ایک نئی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔محمد علی درانی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’پاکستان میں دہشتگرد حملوں میں امریکی اسلحہ استعمال ہونے کے ثبوت منظر عام پر آنے کے بعد اب یہ معاملہ اقوام متحدہ اور امریکا کے ساتھ اٹھانا چاہیے، اس مسئلے پر افغان حکومت سمیت دیگر تمام ممالک سے بات کرنی چاہیے جو اس میں ملوث ہیں‘‘۔