Published: 20-12-2023
پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور سندھ ہائیکورٹ بار نے الیکشن کمیشن آف پاکستان پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حلقہ بندیوں پر اعتراض اٹھا دیے۔پاکستان بار کونسل کی جانب سے جاری اعلامیے میں انتخابی طریقۂ کار، حلقہ بندیوں اور نشستوں کی تقسیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے سوالات اٹھائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔اعلامیے میں پاکستان بار کونسل نے کہا کہ تاثر بڑھ رہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات نہیں کراسکتا، الیکشن کمیشن کا طرز عمل انتخابات کی سالمیت پر سنگین شکوک کو جنم دے رہا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان الیکشن کمیشن کے ہر عمل کی توثیق کے بجائے تضادات کو دیکھے اور ان کا نوٹس لے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے موجودہ صورت حال پر آل پاکستان نمائندہ کنونشن بھی بلانے کا اعلان کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات آزاد اور شفاف ہونے چاہیئں۔