پی ٹی آئی اور عمران خان کیلیے ’چلہ‘ کاٹا مگر کبھی خلاف بیان نہیں دیا، شیخ رشید

Published: 22-12-2023

Cinque Terre

 اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ میں پنڈی کے دو حلقوں سے قلم دوات کے نشان پر الیکشن لڑوں گا اور تحریک انصاف میری حمایت کرے گی۔سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پرویز الہی پی ٹی آئی کے صدر ہیں، دونوں حلقوں میں حمایت اور سپورٹ پر پرویز الہی کا شکر گزار ہوں،پی ٹی آئی میرے مقابلے میں امیدوار نہیں لائے گی۔انہوں نے کہا کہ میں پی ٹی آئی کیلیے چلہ کاٹ آیا مگر نسلی اور اصلی ہوں اس کیلیے کبھی کسی کے خلاف بیان دیا اور نہ ہی پریس کانفرنس میں کردار کشی کی، میں کبھی غداری نہیں کروں گا۔انہوں نے کہا کہ فتح اور شکست اللہ کی طرف سے ہے، قلم اور دوات کے نشان سے این اے 56 اور 57 سے الیکشن لڑ رہا ہوں ، سپریم کورٹ نے بہادری اور جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 فروری کو الیکشن کروانے کی تاریخ دی اب کوئی گنجائش نہیں رہی۔شیخ رشید نے کہا کہ میڈیا پر 3 حلقوں سے لڑنے کی خبر بے بنیاد ہے،میں بھاری اکثریت سے الیکشن جیتوں گا،اللہ نہ کرے پی ٹی آئی کا سامنا ہو،پی ٹی آئی کے لئے میں نے چلا کاٹا ہے، بانی پی ٹی آئی کے لئے چلا کاٹا قربانیاں دیں ،میں نے اسکے خلاف کوئی بیان نہیں دیا،میں اصلی اور نسلی ہوں پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں۔