شاہ رخ اور سلمان خان کے مداحوں کیلئے بُری خبر

Published: 07-01-2024

Cinque Terre

 ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹارز شاہ رخ خان اور سلمان خان کے مداحوں کے لیے بُری خبر سامنے آئی ہے کہ رواں سال 2024 میں، ان دونوں اسٹارز کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔شاہ رخ خان اور سلمان خان بالی ووڈ کے وہ اسٹارز ہیں جو ہر سال اپنے مداحوں کو عید اور دیوالی کا تحفہ دینے کے لیے ان تہواروں پر اپنی فلمیں ریلیز کرتے ہیں۔گزشتہ سال، 2023 میں سلمان خان نے عید پر فلم ‘کسی کا بھائی کسی کی جان’ جبکہ دیوالی پر فلم ‘ٹائیگر 3′ ریلیز کی تھی جبکہ شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کو یوم جمہوریہ بھارت کے دن فلم ‘پٹھان’ جبکہ کرسمس پر فلم ‘ڈنکی’ کا تحفہ دیا تھا اور اُن کی فلم ‘جوان’ ستمبر میں ریلیز ہوئی تھی۔سلمان خان اور شاہ رخ خان کے دُنیا بھر میں موجود مداح بےصبری سے ان تہواروں کا انتظار کرتے ہیں لیکن سال 2024 دونوں اسٹارز کے مداحوں کے لیے بُری خبر لیکر آیا ہے کیونکہ رواں سال ان دونوں خانز کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں خانز نے ابھی تک اپنی نئی فلموں کی شوٹنگ کا آغاز نہیں کیا ہے، سلمان خان جلد ہی وشنو وردھن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ‘دی بُل’ کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے جبکہ شاہ رخ خان کے مطابق رواں سال مارچ یا اپریل میں اُن کی نئی فلم کی شوٹنگ شروع ہوگی لیکن ابھی تک اداکار نے فلم کا عنوان نہیں بتایا اور نہ ہی فلم کی دیگر تفصیلات دی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال شاہ رخ خان اور سلمان خان تہواروں کے موقع پر اپنی اپنی فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہوں گے جس کی وجہ سے رواں سال اُن کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوسکے گی۔تاہم، سلمان خان اور شاہ رخ خان کی غیر موجودگی میں، اکشے کمار، اجے دیوگن سمیت دیگر بالی ووڈ اسٹارز اپنی فلمیں تہواروں کے دوران ریلیز کریں گے۔