Published: 21-01-2024
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام اپنے ووٹ کا حق جس کیلیے بھی استعمال کریں ہم اُس کا احترام کریں گے۔شہباز شریف نے عام انتخابات کے حوالے سے قوم کے نام جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’8 فروری کو بزرگوں، بھائیوں، بہنوں، نوجوانوں، مزدوروں، ڈاکٹرز الغرض یہ کہ تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے عظیم پاکستانیوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے‘۔انہوں نے کہا کہ ’8 فروری کو عوام آئندہ پانچ سال کیلیے ملک و قوم کی قسمت کا فیصلہ اور خدمت کرنے کا موقع اپنی جماعت کو دیں گے، میں پاکستان کے چوبیس کروڑ لوگوں سے ملتمس ہوں کہ ووٹ آپ کا حق ہے جس کو بھی دیں ہم اس کا احترام کریں گے‘۔شہبا شریف نے کہا کہ ’خدارا ملک آج جس معاشی اور معاشرتی و سیاسی مسائل کا شکار ہے اس کے پائیدار حل کیلئے مسلم لیگ ن کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، آج ملک دہشت گردی اور اندرونی خلفشار جیسے چلینجز کا شکار ہے، معاشرے میں زہر گھول دیاگیا ہے،نوجوان کو ایک ایسا پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے جس سے خدا نخواستہ وہ اپنی کتاب اور تعلیم اور پاکستان کو سنوارنےسے ہٹ جائیں‘۔انہوں نے کہا کہ ’میری قوم سے اپیل ہے کہ وہ 8 فروری کواپنے پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈالنے کا فیصلہ کریں اور ووٹ دیتے وقت اس بات کو ذہن میں رکھیں کہ ماضی میں کس جماعت اور کس لیڈر نے ملک کی خدمت کیلیے اخلاص کے ساتھ کاوشیں کیں‘۔