Published: 04-02-2024
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا اور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی اور عمران خان کو سائفر کیس میں 10،10 سال قید کی سزا ہوئی۔الیکشن کمیشن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لا نے بتایا کہ آئین و قانون کے مطابق کوئی سزا یافتہ مجرم انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا اور الیکشن کمیشن نے شاہ محمود قریشی کی پانچ سالہ نااہلی کا نوٹیفیکیشن باقاعدہ طور پر جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ کےآرٹیکل 63 ون کے تحت شاہ محمودقریشی کو نااہل قراردیا گیا ہے کیونکہ خصوصی عدالت 10 سال کی سزا دے چکی ہے اور مجرم قرار دیا ہے۔خیال رہے کہ سائفر کیس میں خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔شاہ محمود قریشی نے جج ابوالحسنات کی جانب سے فیصلہ سنائے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا بیان ریکارڈ نہیں کرایا گیا اور بیان سے قبل ہی سزا دی گئی ہے۔