’لاپتہ لیڈیز‘ میں عامر خان کو آڈیشن کے باجود نہیں لیا گیا؟ کرن راؤ کا انکشاف

Published: 08-02-2024

Cinque Terre

ممبئی: بھارتی فلم اسٹار عامر خان کی اہلیہ کرن راؤ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی نئی فلم ’لاپتا لیڈیز‘ کیلئے عامر خان نے بھی آڈیشن دیا تھا لیکن ان کو منتخب نہیں کیا گیا۔ ایک انٹرویو میں کرن راؤ کا کہنا تھا کہ عامر خان کو کردار بہت پسند آیا اور وہ فلم میں کام کرنا چاہتے تھے لیکن ہمیں لگا کہ عامر کو فلم میں شامل کرنے سے کردار سے توقعات بہت بڑھ جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا وہ چاہتی تھیں اس کردار کو کوئی ایسا اداکار کرکے جس سے آپ کو پتہ نہ چلے کہ وہ اگلا قدم کیا اٹھا سکتا ہے اسی لئے روی کشن کو یہ کردار دیا گیا۔’لاپتا لیڈیز‘ بپلاب گوسوامی کی ایک ایوارڈ یافتہ کہانی پر بنائی گئی ہے جس میں پرتیبھا رانتا، سپارش شریواستو، اور نیتانشی گوئل اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔فلم میں ایک ایسے شخص کی کہانی بیان کی گئی ہے جس کی دلہن ٹرین سفر کے دوران گم ہوجاتی ہے جب وہ گھونگھٹ کی وجہ سے پہچان نہ پانے پر دوسری دلہن کو ساتھ گھر لے آتا ہے۔بھارت کے دیہی علاقوں کی سادگی اور بھول پن کے پس منظر میں بنائی گئی اس فلم میں دل چسپ صورت حال اس وقت پیدا ہوتی ہے جب ٹرین میں دو باراتیں اپنی اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوتے ہیں۔اس دوران دلہن کے گھونگھٹ میں ہونے کی وجہ دیہاتی نوجوان دوسری دلہن کو اپنی دلہن سمجھ کر گھر لے آتا ہے جب کہ اس کی بیوی دوسرے باراتیوں کے ساتھ چلی جاتی ہےجن کا نوجوان کو کوئی اتا پتا نہیں ہوتا۔وہ اپنی دلہن کی تلاش میں پولیس کے پاس جاتا ہے اور یہاں سے ایک مزاح سے بھرپور مگر نہایت سنجیدہ کہانی کا آغاز ہوتا ہے۔ جس میں سسپنس بھی دیکھنے کو ملے گا اور دیہاتی زندگی کے سادہ رنگ بھی جا بجا نظر آئیں گے۔عامر خان پروڈکشن اور کنڈلنگ پروڈکشن کے بینر تلے بنائی گئی اس فلم کو عامر خان اور جیوتی دیشپانڈے نے پروڈیوس کیا ہے جب کہ ایوارڈ یافتہ کہانی کے ڈائیلاگ اسنیہا ڈیسائی اور دیویاندھی شرما نے لکھے ہیں۔ہدایت کارہ کرن راؤ اور عامر خان کا پروڈکشن ہاؤس اس سے قبل بالی ووڈ کو ‘دہلی بیلی’، ‘دنگل’، اور ‘پیپلی لائیو’ جیسی کامیاب فلمیں دے چکے ہیں۔فلم ’لاپتا لیڈیز‘ ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں کامیابیاں سمیٹنے کے بعد یکم مارچ 2024 کو بھارت بھر میں ریلیز کی جائے گی۔