مریم نواز، خواجہ آصف، عون چوہدری سمیت 18 حلقوں کے انتخابی نتائج کیخلاف درخواستیں مسترد

Published: 13-02-2024

Cinque Terre

 لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز، خواجہ آصف، عون چوہدری سمیت 18 حلقوں کے نتائج تبدیل کرنے کے خلاف دائر درخواستوں کو مسترد کردیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز، عطا تارڑ، عون چوہدری، علیم خان، خواجہ آصف سمیت18 حلقوں کے انتخابی نتائج کے خلاف  درئر درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں خارج کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ فیصلے سنائے۔لاہور ہائیکورٹ نے سلمان اکرم راجہ کی حلقہ این اے 128 سے متعلق انتخابی نتائج کے خلاف دائر درخواست خارج کردی۔ اس درخواست پر بھی جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ فیصلہ سنایا۔عدالت نے محفوظ فیصلے میں کہا کہ درخواستیں قابل سماعت نہیں ہیں، درخواست گزار الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔لاہور ہائیکورٹ نے عون چوہدری کی قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 سے کامیابی کے خلاف دائر درخواست کا 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ جسے جسٹس علی باقر نجفی نے تحریر کیا ہے۔عدالت نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ درخواست ناقابل سماعت ہے، لہذا درخواست خارج کی جاتی ہے، درخواست گزار الیکشن ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن سے درخواست کر سکتا ہے، درخواست گزار کی موجودگی یا عدم موجودگی میں نتائج کے مرتب ہونے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، الیکشن کمیشن کا فیصلہ الیکشن ایکٹ کے مطابق ہونا چاہیے۔لاہور سے حلقہ این اے 117 سے علیم خان، این اے 119 سے مریم نواز ،این اے 126 سے ملک سیف الملوک کھوکھر، این اے 127 سے عطا تارڑ، این اے 128 عون چوہدری، این اے 117 سے خواجہ آصف ،این اے 80 سے شاہد عثمان، این اے 87 ملک شاکر بشیر اعوان، پی پی 167 سے عرفان شفیع کھوکھر کے انتخابی نتائج چیلنج کیے گئے تھے۔اس کے علاوہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 169 سے ملک خالد کھوکھر، ، پی پی 46 فیصل اکرام، پی پی 47 سے چوہدری محمد منشا، پی پی 53 سے رانا عبد الستار، اور پی پی 170 انتخابی نتائج چیلنج کیے گئے تھے۔