Published: 18-02-2024
اسلام کی خاطر بالی ووڈ چھوڑنے والی سابقہ بھارتی اداکارہ زائرہ وسیم نے فلم ‘دنگل’ کی اپنی ساتھی اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی اچانک موت پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا ہے۔بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زائرہ وسیم نے کہا کہ مجھے سوہانی بھٹناگر کی اچانک موت کی خبر سُن کر یقین نہیں آیا اور یہی دُعا کی کہ کاش یہ صرف ایک افواہ ہو، اس خبر میں کوئی صداقت نہ ہو۔زائرہ وسیم نے کہا کہ جس لمحے میں نے یہ خبر سنی تو مجھے وہ وقت یاد آگیا جو میں نے کام کے دوران سوہانی کے ساتھ گزارا تھا، وہ ایک بہترین شخصیت کی مالک تھیں اور ہم دونوں کی بہت سی یادیں ساتھ ہیں۔سابقہ اداکارہ نے کہا کہ میں تصور بھی نہیں کرسکتی کہ اس مشکل وقت میں سوہانی کے والدین پر کیا گزر رہی ہوگی، میری دُعا ہے کہ اس مشکل وقت میں اُنہیں ہمت اور صبر عطا ہو۔زائرہ وسیم نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری میں کہا کہ میں سوہانی بھٹناگر کی اچانک موت کی خبر سُن کر شدید صدمے میں ہوں، اس ناقابل یقین حد تک مشکل وقت میں میری دُعائیں سوہانی کے والدین کے ساتھ ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ سوچ کر میرا دل دُکھ سے بھر رہا ہے کہ سوہانی کے والدین خود کو کیسے سنبھال رہے ہوں گے، وہ اپنی بیٹی کی موت کو کیسے برداشت کریں گے۔یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق کچھ عرصہ قبل 19 سالہ اداکارہ سوہانی بھٹناگر کی ٹانگ میں فریکچر ہوا تھا جس کے علاج کے لیے اُنہوں نے دوائیاں لی تھیں، ان دوائیوں نے اداکارہ کی صحت پر منفی اثر ڈالا تھا جس کے بعد اُن کے پورے جسم میں پانی بھر گیا تھا اور 17 فروری کی صبح وہ چل بسیں۔اداکارہ کی اچانک موت پر بھارتی مداح اور شوبز شخصیات کی جانب سے گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ سوہانی بھٹناگر نے بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کی سُپر ہٹ فلم “دنگل” میں اُن کی بیٹی ببیتا کماری کے بچپن کا کردار ادا کیا تھا، دنگل کے بعد سوہانی نے اداکاری سے وقفہ لے لیا تھا کیونکہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دینا چاہتی تھیں۔اس فلم میں عامر خان کو پہلوان مہاویر سنگھ پھوگاٹ کے کردار میں دکھایا گیا تھا جو اپنی بیٹیوں گیتا پھوگاٹ اور ببیتا کماری کو بھارت کی پہلی عالمی سطح کی خاتون پہلوان بننے کے لیے تربیت دیتا ہے۔فاطمہ ثنا شیخ اور سانیا ملہوترا نے عامر خان کی بیٹیوں کے بالغ کردار جبکہ زائرہ وسیم اور سوہانی بھٹناگر نے ان کے چھوٹے کردار ادا کیے تھے۔