علی ظفر نے عاطف اسلم کیساتھ دشمنی پر خاموشی توڑ دی

Published: 18-02-2024

Cinque Terre

  کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار علی ظفر نے پہلی بار اپنی اور عاطف اسلم کی دشمنی پر ردعمل دے دیا۔علی ظفر اور عاطف اسلم وہ دو مشہور پاکستانی گلوکار ہیں جنہوں نے اپنی حیرت انگیز آواز اور ہٹ گانوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر مقبولیت حاصل کی، دونوں گلوکاروں نے متعدد ہٹ گانے گائے اور اداکاری کی دنیا میں بھی اپنی قسمت آزمائی۔ دونوں اسٹارز کے سوشل میڈیا پر لاکھوں مداح ہیں اور ان کے اپنے آفیشل یوٹیوب چینلز بھی ہیں، یہ دونوں گلوکار ناصرف پاکستان بلکہ پڑوسی ملک بھارت میں بھی کافی شہرت رکھتے ہیں۔حال ہی میں، علی ظفر نے کامیڈین اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈ کاسٹ “Excuse Me” میں شرکت کی جہاں انہوں نے عاطف اسلم کے ساتھ اپنی دشمنی کے بارے میں بات کی۔علی ظفر نے کہا کہ پہلے میں اور عاطف ایک ساتھ گھومتے پھرتے تھے لیکن اب ہم دونوں کی اپنی زندگی اور کامیاب کیریئر ہے تو شاید اسی وجہ سے ہم دونوں ملتے نہیں اور نہ ہی ساتھ وقت گزارتے ہیں۔گلوکار نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اس بات پر یقین رکھا ہے کہ فنکاروں کے درمیان دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہیے اور ایک مثبت ماحول میں مل کر کام کرنا چاہیے، فنکاروں کے درمیان مقابلے کی جنگ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ ہر فنکار کے عروج کا ایک وقت ہوتا ہے، عروج اور زوال فنکار کے کیریئر میں لازمی ہوتا ہے۔اُنہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جہاں آج میں ہوں وہاں کل کوئی دوسرا فنکار ہوسکتا ہے، اسی طرح شہرت کی جس بلندیوں پر آج عاطف اسلم ہیں وہاں کل کوئی دوسرا گلوکار بھی ہوسکتا ہے۔علی ظفر نے کہا کہ ہر ایک کا زندگی گزارنے کا اپنا طریقہ ہوتا ہے، جس کو جیسے ٹھیک لگتا ہے وہ ویسے زندگی گزارتا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہمیں مل بیٹھ کر کام کرنا چاہیے۔گلوکار نے کہا کہ عاطف اسلم نے کبھی میری تعریف نہیں کی لیکن میں نے ہمیشہ اُن کی اور اُن کے کام کی تعریف کی، میں اُن کی عزت کرتا ہوں اور دُعا کرتا ہوں کہ اُنہیں زندگی میں مزید کامیابیاں نصیب ہوں۔اُنہوں نے اپنی گفتگو کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ ان سب باتوں کا خلاصہ یہی ہے کہ عاطف اسلم اپنی الگ دنیا میں رہنا چاہتے ہیں۔