پریم چوپڑا نے ہالی وڈ فلم میں انگریزی ڈائیلاگ بولنے سے انکار کی وجہ بیان کردی

Published: 28-02-2024

Cinque Terre

 ممبئی:  بولی وڈ میں منفی کرداروں سے شہرت پانے والے ماضی کے مشہور ولن پریم  چوپڑا نے اپنی پہلی ہالی وڈ فلم میں انگریزی ڈائیلاگ ادا نہ کرنے کی وجہ بیان کردی۔دو راستے، پریم نگر، اپکار اور بوبی جیسی فلموں میں منفی کردار  منفرد انداز سے نبھاکر شہرت پانے والے 88سالہ اداکار نے نصیر الدین شاہ، عرفان خان، انوپم کھیر، انیل کپور اور کئی دوسرے بھارتی اداکاروں کی طرح ہالی وڈ فلم انڈسٹری میں بھی قدم رکھا۔ہالی وڈ میں انہوں نے 2012 میں فلم ’’ ہارٹ لینڈ ‘‘ میں ایک بھارتی نژاد  امریکی رنبیر سنگھ کا رول کیا تھا۔ اس کردار کی خاص بات یہ تھی کہ اس کی زبان سے انگریزی زبان کا کوئی جملہ ادا نہیں ہوا۔ہالی وڈ کی اپنی پہلی فلم میں انگلش ڈائیلاگ نہ بولنے کے حوالے سے ، ایک  حالیہ انٹرویو میں پریم چوپڑا نے بتایا  کہ یہ پنجابی انگلش فلم تھی اور اس کے بیشتر مکالمے انگریزی ہی میں تھے، مگر میں نے ڈائریکٹر کو انگلش  بولنے سے انکار کردیا تھا۔اس کے   پس  پردہ سبب  بیان کرتے ہوئے پریم چوپڑا نے کہا کہ میرا داماد امریکا میں ہے۔ اس نے  اپنی شادی کی اجازت لینے کے لیے ایک انگریز لڑکی کو میرے پاس بھیجا۔ اس لڑکی  کو  دیکھ کر میں نے سوچا کہ کیا میں اپنے بیٹے  کو ایک ایسی لڑکی سے شادی کرنے کی اجازت دیتا جو ایک ایسی کمیونٹی سے تعلق رکھتی ہے جو  بھارتیوں  سے جانوروں جیسا سلوک کیا کرتی تھی۔انہوں نے مزید بتایا  کہ ہم سب دوست فوج میں  ہوا کرتے  تھے، ان ( انگریزوں) کی وجہ سے میرا ایک بہترین دوست جان سے چلا گیا اور انہوں نے اس کی آخری رسومات تک باعزت طریقے سے ادا نہیں کی تھیں۔ اسی وقت میں نے فیصلہ کرلیا تھا کہ میں یہ زبان ( انگلش ) نہیں بولوں گا۔ بہرحال میں نےا س لڑکی سے کہہ دیا کہ تم جس ماحول میں پلی بڑھی ہو اسے دیکھتے ہوئے  تم شادی کے لیے اہل ہو۔400 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے پریم چوپڑا کی تازہ ترین فلم  رنبیر کپور کی بلاک بسٹر ’’ اینیمل ‘‘  ہے جس میں انہوں نے ہیرو  کے خاندان کے بزرگوں میں سے ایک کا کردارادا کیا ہے۔