مولانا فضل الرحمان کا شانگلہ خود کش حملے میں جانی ضیاع پر چین سے تعزیت

Published: 27-03-2024

Cinque Terre

 اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں خود کش حملے میں جانی ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور  برادر ملک چین سے 5 انجینئرز  کے جاں بحق ہونے پر تعزیت کی ہے۔مولانا فضل الرحمان نے شانگلہ خود کش حملے پر جاری بیان میں کہا کہ برادر ملک چین کے شہریوں پر خود کش حملہ افسوس ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں نہ امن ہے، نہ جمہوریت ہے اور نہ ہی معیشت درست سمت جا رہی ہے اور عرصہ دراز سے خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے۔مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کرکے مجرموں کو فوری سزا دی جائے، بردار ملک سے تعزیت کرتا ہوں اور جمعیت علمائے اسلام برادر ملک چین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔خیال رہے کہ شانگلہ میں چین انجینئرز کی گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے میں 5 چینی شہری اور پاکستانی ڈرائیور جاں بحق ہوگئے تھے۔ڈی آئی جی ملاکنڈ نے بتایا تھا کہ غیر ملکیوں کی گاڑی اسلام آباد سے کوہستان آرہی تھی جبکہ بشام کے قریب سامنے سے آنے والی دھماکا خیز مواد سے بھری کار غیر ملکیوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد ایک زوردار دھماکہ ہوا، دھماکے کی شدت سے چینی انجینئرز کی گاڑی نیچے گہری کھائی میں جاگری اور اس میں آگ لگ گئی۔