صدر و سیکریٹری ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کو ہٹانے کیخلاف درخواست، پی سی بی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ

Published: 05-04-2024

Cinque Terre

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور سیکریٹری کو عہدے سے ہٹانے کے خلاف درخواست کی سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیا وکیل پیش نہ کرنے پر پی سی بی پر 50 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پرانے وکیل کو وکالت سے ہٹانے کے بعد نئے وکیل کی خدمات ہی نہ لی گئیں، نہ ہی کسی کو پیش کیا گیا، پی سی بی کا یہ رویہ عدالتی کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے جو کہ ناقابلِ قبول ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکم نامے میں کہا ہے کہ آئندہ سماعت پر پی سی بی کا وکیل مکمل تیاری کے ساتھ پیش ہو، مزید وقت نہیں دیا جائے گا، اگر پی سی بی کی طرف سے وکیل موجود نہ ہوا تو چیئرمین پی سی بی کو طلب کر لیا جائے گا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے جو کہ آج عدالت میں پیش ہونے والے تمام وکلاء میں تقسیم کیا جائے گا، پی سی بی آئندہ سماعت سے قبل ہی جرمانہ ادا کرے۔اسلام آباد نے تحریری حکم نامے میں کہا ہے کہ تحریری حکم نامے کی کاپی فوراً پی سی بی کو بھجوائی جائے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل چیئرمین پی سی بی کو عدالتی احکامات سے آگاہ کریں۔اس کے ساتھ ہی عدالتِ عالیہ نے درخواست 13 اپریل کو سماعت کے لیے مقرر کر دی۔