Published: 17-04-2024
بارشوں سے ہوئی تباہی کے پیشِ نظر دبئی سمیت متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی دیگر ریاستوں میں جمعرات اور جمعہ کو بھی اسکولز اور تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا گیا۔ اماراتی حکومت کی جانب سے اسکولز اور کالجز کو ہدایت کی گئی ہے کہ تعلیمی ادارے ریموٹ لرننگ کا اہتمام کریں، تعلیمی اداروں کے اطراف راستوں کو مکمل بحال کرنا ہے۔حکومت نے کہا ہے کہ امارات میں تمام افراد کے تحفط اور حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔دبئی اور دیگر ریاستوں میں بارش کے پانی کی نکاسی کےلیے کام جاری ہے۔دبئی ٹرام سروس اور میٹرو سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے، تاہم دبئی میٹرو کے چند اسٹیشنز اب بھی بند ہیں لیکن بس سروس فراہم کی جارہی ہے۔اماراتی حکومت نے عوام کو مشورہ دیا کہ دبئی میں سفر کےلیے میٹرو سروس استعمال کریں۔اسی طرح دبئی کی متعدد شاہراوں کو کھول دیا گیا ہے جبکہ سفر کےلیے متبادل روٹس فراہم کیے گئے ہیں۔اماراتی حکومت نے کہا ہے کہ مسافر روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ویب سائٹ سے معلومات لے کر سفر کریں، غیر ضروری سفر کرنے سے ابھی بھی گریز کیا جائے۔