Published: 21-04-2024
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ یشما گل نے رواں سال فروری میں بذریعہ سوشل میڈیا اپنی خیریت کی اطلاع دی تھی، تاہم اب انہوں نے نئی پوسٹ شیئر کرکے بتایا کہ کس نے اس مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے مکمل طور پر صحت یاب ہونے کے بعد نئی پوسٹ شیئر کی ہے۔اس نئی پوسٹ میں انہوں نے اپنے ان تمام دوستوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے اداکارہ کا اس مشکل وقت میں ساتھ دیا اور اہل خانہ کی طرح ان کا خیال بھی رکھا۔یشما گل کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ 6 ویڈیوز اور 3 تصاویر پر مشتمل ہے جن میں سے بیشتر میں ہانیہ عامر، ان کے ارد گرد ان کا خیال رکھتی نظر آئی ہیں۔5 ویڈیوز اور 1 تصویر میں ہانیہ عامر کو اداکارہ کا بھرپور انداز میں خیال رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک ویڈیو میں ہانیہ عامر دلچسپ انداز میں ڈاکٹر سے سوال کر رہی ہیں کہ ’یہ بچ تو جائے گی ناں؟ اسے کھانا کھلا دوں؟‘۔یشما گل نے اپنی پوسٹ میں طویل کیپشن شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں جانتی ہوں کہ میں یہ بہت دیر سے پوسٹ کر رہی ہوں لیکن جتنا شکریہ ادا کروں وہ کم ہے، میں مکمل صحت یاب ہونے کا انتظار کر رہی تھی۔انہوں نے لکھا کہ میں یہ نہیں بتاسکتی کہ آپ کی دعاؤں اور سہارے نے میرے بدترین وقت کو میرے لیے کتنا آسان بنا دیا۔