Published: 01-05-2024
ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو مسلسل تیسرے ٹی 20 میچ میں 2 رنز سے شکست دیکر 5 میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔نیشنل بینک سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمنز کی کپتان ندا ڈار نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، ویسٹ انڈیز ویمنز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 132 رنز بنائے۔133 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی، اوپنر بلے باز سدرہ امین کی 63 رنز کی شاندار اننگز بھی کسی کام نہ آئی، عائشہ ظفر نے 19، منیبہ علی نے 12، کپتان ندا ڈار نے 17 رنز بنائے۔قبل ازیں مہمان ٹیم کی جانب سے ہیلی میتھیوز نے 68 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ شیمین کیمبل 31 اور چیڈین نیشن نے 10 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے طوبیٰ حسن نے 2، فاطمہ ثنا اور ندا ڈار نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔