نیتن یاہو اور دیگر کیخلاف وارنٹ گرفتاری کی درخواست عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسرائیل

Published: 21-05-2024

Cinque Terre

اسرائیلی وزیر اعظم کے ترجمان اوویر جندلمن نے کہا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم اور دیگر رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری کی درخواست عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ تل ابیب سے عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم ک ترجمان نے عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہم نہیں سمجھتے کہ عالمی عدالت کے جج اس درخواست کو منظور کرلیں گے۔ترجمان نے کہا اسرائیل بین الاقوامی قوانین کے مطابق حماس جیسی دہشت گرد تنظیم کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بین الاقوامی عدالت نے درخواست منظور کر بھی لی تو اطلاق اسرائیل کی سرزمین پر نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہا کہ امریکا بین الاقوامی عدالت کے پراسیکیوٹر جنرل کے خلاف کارروائی کروا سکتا ہے۔ ترجمان نے کہا اسرائیل غزہ میں حماس کے 16 ہزار سے زائد مزاحمت کاروں کو ہلاک کرنے میں کامیاب رہا۔انکا کہنا تھا کہ اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں میں غزہ کی پٹی میں ہونے والے جانی نقصانات کاصحیح ڈیٹا معلوم نہیں۔ 9 لاکھ شہری رفح سے انخلاء کر چکے ہیں، ہم رفح کو حماس کا آخری گڑھ سمجھتے ہیں۔ ترجمان نے کہا اسرائیلی حکومت میں غزہ کی جنگ سےمتعلق اختلافات کے باوجود حماس کے مکمل خاتمے پر اتفاق رائے ہے۔ ترجمان نے کہا اسرائیلی حکومتی اتحادی کے درمیان اختلافات کے باوجود عام انتخابات کے انعقاد کا کوئی امکان نہیں۔