کنگنا رناوت کا ایک اور متنازع بیان، ریپ اور تھپڑ مارنے کو برابر قرار دیدیا

Published: 08-06-2024

Cinque Terre

دہلی: بالی ووڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے خاتون سیکیورٹی اہلکار کلویندر کور کے حامیوں کے خلاف ایک اور متنازع بیان دے دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری کیے گئے بیان میں کہا کہ ہر عصمت دری کرنے والے، قاتل یا چور کے پاس جرم کرنے کی ہمیشہ کوئی نہ کوئی مضبوط وجہ ہوتی ہے، پھر وہ وجہ جذباتی، نفسیاتی، جسمانی یا مالی ہو۔کنگنا رناوت نے کہا کہ کوئی بھی جرم کبھی بھی بغیر کسی وجہ کے نہیں ہوتا  لیکن اس کے باوجود قانون جرم کرنے والے کو مجرم ٹھہراتا ہے اور جیل بھیج دیا جاتا ہے۔اداکارہ نے خاتون سیکیورٹی اہلکار کے حامیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ تھپڑ مارنے والے کی حمایت کررہے ہیں تو پھر آپ کی نظر میں ریپ یا قتل کرنا بھی ٹھیک ہوگا کیونکہ ان جرائم میں بھی اجازت کے بغیر ہی چُھویا جاتا ہے، جیسے تھپڑ مارتے ہوئے بنا اجازت کے منہ پر ہاتھ لگایا گیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ براہِ کرم یوگہ اور مراقبہ اختیار کریں ورنہ زندگی مزید مشکل ہوجائے گی اور مہربانی کرکے اپنے دل میں کسی کے لیے اتنی نفرت اور حسد نہ رکھیں، اپنے آپ کو ان چیزوں سے آزاد کریں۔واضح رہے کہ 6 جون کو کنگنا رناوت دہلی جانے کے لیے چندی گڑھ ایئرپورٹ پہنچی تھیں تو وہاں ڈیوٹی پر تعینات خاتون سیکیورٹی اہلکار نے اداکارہ کو تھپڑ مار دیا تھا۔کلویندر کور نامی سیکیورٹی اہلکار نے اداکارہ کو تھپڑ مارنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں کنگنا رناوت نے کسانوں سے متعلق متنازع بیان دیا تھا جب اُنہوں نے ایئرپورٹ پر اداکارہ کو دیکھا تو اُنہیں وہ بیان یاد آگیا تھا، پھر اُنہیں شدید غصہ آیا اور اُنہوں نے کنگنا کو تھپڑ مار دیا۔کنگنا رناوت کو تھپڑ مارنے پر سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) نے خاتون اہلکار کلویندر کور کو معطل کردیا ہے۔دوسری جانب اس واقعے پر بالی ووڈ کے نامور اسٹارز نے کنگنا رناوت کی حمایت میں کوئی بیان جاری نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ بالی ووڈ پر شدید برہم ہیں۔