Published: 20-06-2024
(رپورٹ:۔ سلیمان علی بٹ)رواں سال شدید گرمی کے باعث مناسک حج کے دوران ایک ہزار سے زیادہ اموات کی اطلاع ہیں۔ سفارت کاروں اور حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 600 مصری، 144 انڈونیشیائی، 68 بھارتی، 60 اردنی، 58 پاکستانی، 35 تیونسی، 11 ایرانی اور تین سینیگالی شامل ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ میں حجاج کرام کی شہادتوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہید حجاج کرام کے جسد خاکی پاکستان پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں، وزارت مذہبی امور اور متعلقہ حکام حجاج کرام کو تمام سہولیات مہیا کریں اور اسپتالوں میں داخل حجاج کرام کے لیے تمام طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیراعظم نے اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور چوھدری سالک حسین اور پاکستان کے سفیر احمد فاروق سے بھی رابطہ کیا۔اے ایف پی کے مطابق سعودی سرکاری ٹی وی نے کہا کہ پیر کے روز مکہ مکرمہ کی گرینڈ مسجد میں درجہ حرارت 51.8 سینٹی ڈگری تک بڑھ گیا۔سعودی عرب نے سرکاری طور پر ہلاکتوں کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی ہیں۔ پاکستان کے حج مشن کے ڈائریکٹر جنرل عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ 18 جون کی شام 4 بجے تک کل 35 پاکستانیوں کی ہلاکت کی اطلاع ملی ہے، مکہ میں 20، مدینہ میں 6، منیٰ میں 4، عرفات میں 3اور مزدلفہ میں 2شامل ہیں۔دوران حج کتنے پاکستانی جاں بحق ہوئے، ڈی جی حج مشن نے تعداد بتادی اسلام آباد میں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو کلپ کا حوالہ دیا جس میں فٹ پاتھوں پر لاشیں پڑی دکھائی دے رہی تھیں اور لوگ حکام سے اپیل کر رہے تھے۔ڈی جی نے کہا کہ یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹس پر کچھ ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن میں حاجیوں کو مردہ حالت میں لب سڑک دکھایا گیا ہے اور کوئی ان کی مدد کے لیے نہیں آ رہا ہے۔ یہ ویڈیوز بے بنیاد ہیں کیونکہ ان کی صداقت کی تصدیق نہیں ہو سکی اور ان کی تاریخ یا سال کا تعین نہیں کیا جا سکا۔علاوہ ازیں وزارت نے کہا کہ امسال شدید گرمی اور سخت موسمی حالات کی وجہ سے حج چیلنج تھا، درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے حرمین شریفین میں تدفین کا نظام کیا ہے اور اگر ورثا کا مطالبہ ہے تو کسی بھی پاکستانی حاجی کی میت وطن واپس بھیجنے کا انتظام کیا گیا ہے۔واضح رہے گزشتہ روز ڈی جی حج نے بتایا تھا کہ رواں سال حج سیزن کے دوران جون 18 سہہ پہر 4 بجے تک مشاعر میں 9 پاکستانیوں کی اموات ہوئیں، جن میں 4 منٰی, 3 عرفات اور 2 مزدلفہ میں اموات ہوئیں۔