حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، 66 انچ ایم ایس کی لائن متاثر

Published: 23-06-2024

Cinque Terre

حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن سے 66 انچ ایم ایس کی لائن متاثر ہوگئی، لائن متاثر ہونے سے ضلع غربی اور ضلع کیماڑی کے کچھ علاقے متاثر ہوں گے۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق واٹر کارپوریشن کے حکام نے حب پمپنگ اسٹیشن پہنچ کر متاثرہ لائن کا معائنہ کیا، سی او او واٹر کارپوریشن نے متاثرہ لائن کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ شہر کو دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے معمول کے مطابق پانی کی فراہمی جاری ہے جبکہ حب پمپنگ سے شہر کو پانی کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق شہر کو 650 ایم جی ڈی پانی میں سے 80 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا، واٹر کارپوریشن کےکرش پلانٹ ون اور کرش پلانٹ ٹو ہائیڈرنٹس عارضی طور پر بند رہیں گے۔ترجمان کے مطابق کرش پلانٹ ون اور کرش پلانٹ ٹو ہائیڈرنٹس پر آن لائن ٹینکرز سروس بھی معطل رہے گی۔چیف انجینئر واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ متاثر لائن کا مرمتی کام اگلے 24 گھنٹوں میں مکمل کیا جائے گا۔