اپنی نومولود بیٹی کا قتل کرنا چاہتی تھی، ثروت گیلانی کا انکشاف

Published: 01-07-2024

Cinque Terre

  کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ثروت گیلانی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ڈپریشن کی وجہ سے اپنی نومولود بیٹی کو جان سے مارنا چاہتی تھی۔حال ہی میں ثروت گیلانی نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے دورانِ حمل اور بچے کی پیدائش کے بعد ہونے والے ڈپریشن کے بارے میں بات کی۔ثروت گیلانی نے کہا کہ کوئی بھی خاتون جب پہلی بار حاملہ ہوتی ہے تو اُسے حمل کے بارے میں کوئی خاص معلومات نہیں ہوتی، وہ حمل سے متعلق کتابیں پڑھ کر اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز دیکھ کر معلومات حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ہر خاتون کے لیے پہلا حمل بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ اس دوران، وہ نفسیاتی طور پر کئی چیزوں کا سامنا کررہی ہوتی ہے، ایسے میں شوہر اور سُسرال والوں کی سپورٹ بہت اہم ہوتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ جب حاملہ خاتون کو اپنے شوہر اور فیملی کی سپورٹ ملتی ہے تو اس سے اُس کی ذہنی صحت پر مثبت اثر پڑتا ہے۔ثروت گیلانی نے کہا کہ مجھے پہلے دو بیٹوں کی پیدائش کے بعد ‘پوسٹ پارٹم ڈپریشن’ نہیں ہوا اور اسی وجہ سے مجھے اس کے بارے میں کوئی علم بھی نہیں تھا لیکن اس بار جب بیٹی کی پیدائش ہوئی تو مجھے شدید پوسٹ پارٹم ڈپریشن ہوا۔اداکارہ نے کہا کہ میں پیدائش کے چار دن بعد اپنی بیٹی سے اسپتال میں ملی تھی کیونکہ میری بھی سرجری ہوئی تھی اور میری نومولود بیٹی کی طبیعت بھی ٹھیک نہیں تھی، اسی وجہ سے ڈاکٹروں نے ہم دونوں کو الگ الگ وارڈ میں داخل کیا ہوا تھا۔اُنہوں نے کہا کہ میری نومولود بیٹی کو ماں کے دودھ کی طلب تھی جبکہ میں شدید ڈپریشن میں تھی، جب میں نے اپنی بیٹی کو گود میں لیا تو میرے دل میں خیال آیا کہ میں اِسے نیچے گِرا دوں تاکہ یہ مر جائے۔ثروت گیلانی نے کہا کہ جب کمرے میں گئی تو میں زار و قطار رو رہی تھی، میں نے اپنے شوہر سے کہا کہ میں ہماری بیٹی کو مارنا چاہتی ہوں تاکہ ساری ٹینشن ہی ختم ہوجائے۔اداکارہ نے کہا کہ میرے شوہر نے مجھ سے کہا کہ تم پریشان نہیں ہو، تمہیں پوسٹ پارٹم ڈپریشن ہوا ہے، یہ ساری زندگی نہیں رہے گا بلکہ کچھ دن کا ہے، اُس کے بعد، تم بالکل ٹھیک ہوجاؤ گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اُس وقت مجھے پوسٹ پارٹم ڈپریشن کے بارے میں معلوم ہوا، میں چاہتی ہوں کہ ہر مرد اور عورت کو اس بارے میں آگاہی لازمی ہونی چاہیے۔پوسٹ پارٹم ڈپریشن کیا ہے؟بچے کی پیدائش کے بعد ماؤں پر بے سکونی اور مایوسی کی سی کیفیت طاری ہو جاتی ہے جسے ’پوسٹ پارٹم ڈپریشن‘ کہا جاتا ہے۔واضح رہے کہ ثروت گیلانی نے 2014 میں اداکار اور معروف پلاسٹک سرجن فہد مرزا سے شادی کی تھی، اس جوڑے کے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہے۔ثروت گیلانی کا بڑا بیٹا روحان مرزا 2015 اور چھوٹا بیٹا عریز محمد مرزا 2017 میں پیدا ہوا تھا جبکہ دسمبر 2023 میں اداکارہ کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔