شاہ رخ کی 20 برس پرانی فلم دوبارہ ریلیز کی مستحق ہے، بھارتی فلمساز

Published: 09-07-2024

Cinque Terre

بھارتی فلمساز رونی اسکرووالانے شاہ رخ خان کی 20 برس قبل سنیما اسکرین پر لگنے والی فلم کو دوبارہ ریلیز کرنے کا مستحق قرار دیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق رونی اسکرووالا نے 2004ء میں آشوتوش گواریکر کی ہدایت کاری اور شاہ رخ خان کی شاندار پرفارمنس پر مبنی فلم ’سودیس‘ کی تعریف کی ہے۔انہوں نے کہا کہ فلم کی کہانی سدابہار اور متاثر کن ہے، فلم لکشیا اور راک اسٹار کی دوبارہ ریلیز کے بعد شائقین سودیس کی ری ریلیز کی توقع رکھتے ہیں۔ایک انٹرویو میں رونی اسکرووالا نے کہا کہ سودیس اپنے وقت سے بہت آگے کی فلم تھی، وہ دوبارہ ریلیز کی مستحق ہے۔بھارتی فلمساز نے مزید کہا کہ شاہ رخ خان کی اس فلم نے بہت سے لوگوں کو متاثر کیا، ہم نے اُس وقت ایک فاؤنڈیشن بنائی تھی، جس کا نام فلم کی ریلیز کے بعد سودیس فاؤنڈیشن کردیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ فلم میں شاہ رخ خان نے ناسا کے سائنسدان کا کردار نبھایا ہے، جو دیہی ہندوستان میں واپس آکر بجلی کا مسئلہ حل کرتا ہے، یہ کہانی آج کے نوجوان کو جوڑ سکتی ہے، جو باہر تعلیم کےلیے جاتے ہیں اور واپس وطن آنا چاہتے ہیں، یہ قوم کے جذبے اور مزاج کی نمائندہ ہے۔