Published: 25-07-2024
گوجرانوالہ (رپورٹ ملک رضوان ناظم) فتومنڈ کے ہر دلعزیز سماجی رہنماء اور معروف معالج ڈاکٹر عبداللہ اکبر خان کی صاحبزادی ڈاکٹر عمارہ عبداللہ خان کرغزستان سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئیں۔ اس موقع پر اہل علاقہ نے ان کا والہانہ استقبال کیا پھولوں کی پتیاں نچھاور کی اور انہیں ہار پہنائے۔ اس موقع پر متعدد جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے جب ڈاکٹر عمارہ عبداللہ نے اپنے والد ڈاکٹر عبداللہ اور والدہ کو بگھی میں بٹھایا۔ اور خود بگھی کی لگام کھینچ کر والدین کو فخریہ انداز میں سڑکوں اور گلیوں کی سیر کرائی۔ جس پہ ان کے والدین خوشی سے آبدیدہ ہوگئے۔ اور ڈاکٹر عمارہ نے اپنی گریجویشن کیپ اور گاون بھی اپنے والد کو پہنائی۔ علاقہ بھر کے سماجی و سیاسی رہنماوں سمیت صحافی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پہ ڈاکٹر عمارہ عبداللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری کامیابی خالصتا اللہ کا کرم اور والدین کی انتھک محنتوں کا صلہ ہے۔ میرے والدین نے مجھے ڈاکٹر بنانے کیلئے خاندانی رسوم و رواج سے بغاوت کی۔ مجھے کامیاب بنانے کیلئے اعتماد دے کر دیار غیر میں بھیجا میرے تعلیمی اخراجات پورے کرنے کیلئے مالی مشکلات کا سامنا کیا لیکن مجھے کمی نہیں آنے دی۔ آج میری کامیابی کا مکمل کریڈٹ میرے والدین خصوصا میرے والد کو جاتا ہے۔ میں انشاء اللہ اپنے والدین کی محنتوں کو رائیگاں نہیں جانے دوں گی۔ ان کا مشن جاری رکھوں گی اور اپنے والد کا بازو بنوں گی۔ ڈاکٹر عمارہ عبداللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ تمام والدین اپنی بیٹیوں کو بھرپور اعتماد دیں۔ انہیں کامیاب کروانے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ ہماری بہنیں بیٹیاں کامیاب ہوکر ملک و ملت کا نام روشن کرسکیں اور والدین کا سر فخر سے بلند کرسکیں۔