راشد محمود کو دوسرے جنم کی خواہش پر تنقید کا سامنا

Published: 05-08-2024

Cinque Terre

 لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینیئر اداکار راشد محمود اپنا حالِ دل بیان کرکے مشکل میں پڑ گئے۔راشد محمود گزشتہ ماہ سے سوشل میڈیا کے ذریعے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کے خلاف آواز اُٹھا رہے ہیں، سینیئر اداکار نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ میں غلط ملک میں پیدا ہوا ہوں، میں نے پاکستان کی خدمت کرکے بہت غلط کیا۔اُنہوں نے کہا تھا کہ میں نے ساری زندگی ملک کی خدمت میں گزار دی اور اُس خدمت کے بدلے میں مجھے یہ بجلی کے بھاری بل مل رہے ہیں۔سینیئر اداکار کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر صارفین نے بھی اُن کی حمایت کرتے ہوئے حکومت کے خلاف آواز اُٹھائی تھی تاہم اب راشد محمود نے صارفین کو ناراض کردیا ہے۔حال ہی میں راشد محمود نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں اپنا حالِ دل بیان کیا۔راشد محمود نے کہا کہ پاکستان میں پیدا ہونے کے بعد، اب تک جو کچھ بھی برداشت کرچکا ہوں، اُس کے بعد لگتا ہے کہ میں اگلے جنم میں عذاب سے بچ جاؤں گا۔اداکار نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ اگر مجھے دوسری زندگی ملی تو میں پاکستان کے بجائے کسی دوسرے ترقی یافتہ ملک میں پیدا ہونا چاہوں گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ میں یہ باتیں انفرادی حیثیت سے نہیں بلکہ بحیثیت قوم کہہ رہا ہوں کیونکہ ملک کے حالات نے سب کو ہی پریشان کردیا ہے۔راشد محمود کے انٹرویو پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے اُن پر سخت تنقید کی، کل تک جو صارفین بجلی کے بھاری بلوں کی وجہ سے اداکار سے اتفاق کررہے تھے، آج وہی صارفین اُن پر برہم نظر آرہے ہیں۔صارفین نے اداکار کے انٹرویو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسلام میں دوسرے جنم کا کوئی تصور نہیں ہے، ہم مسلمان دوسرے جنم پر یقین نہیں رکھتے، یہ کافروں کا عقیدہ ہے۔