بارشی سلسلہ جاری: تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل طور پر فنگشنل رہنے چاہیں،عملہ ڈیوٹی پر الرٹ ہے‘ ڈپٹی کمشنر محمد عمیر

Published: 19-08-2024

Cinque Terre

جھنگ(بیورو چیف )ڈپٹی کمشنر محمد عمیر بارش کے دوران ڈسپوزل اسٹیشن کی ورکنگ کا جائزہ لینے کیلئے فیلڈ میں موجودرہے۔ انہوں نے جھنگ کے تمام ڈسپوزل اسٹیشن پر ڈیوٹی سٹاف کی ورکنگ کو براہ راست چیک کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کیں کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشن مکمل طور پر فنگشنل رہنے چاہییں،عملہ ڈیوٹی پر الرٹ ہے، نشیبی علاقوں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کو جاری رکھیں۔اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈسپوزل اسٹیشن پر جنریٹرز کا انتظام مکمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشن پر بجلی بند ہونے پر جنریٹرز کوسٹینڈ بائی رکھا جائے۔ تمام مشینری و عملہ نکاسی آب کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مصروف عمل رہے۔جھنگ میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ابتک 103 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈکی گئی ہے۔ اس ضمن میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹیز و لوکل گورنمنٹ کے افسران و سٹاف فیلڈ میں متحرک ہیں۔شہری گھروں سے غیر ضروری طور پر مت نکلیں۔بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے پاس جانے سے اجتناب کریں۔