بھارت: طلباء کے کیمپ میں 13 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی، متعدد کو ہراساں کیا گیا

Published: 19-08-2024

Cinque Terre

بھارتی ریاست تمل ناڈو میں جعلی نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کیمپ کے دوران 13 سالہ لڑکی کے ساتھ زیادتی جبکہ متعدد کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ کلکتہ میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ اجتماعی زیادتی اور قتل کی بھرپور مذمت کے بعد بھی بھارت میں لڑکیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔گزشتہ روز بنگلور  میں کالج کی طالبہ کو بھی مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، تاہم اب تامل ناڈو میں بھی اسی نوعیت کا واقعہ سامنے آیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے ضلع کرشناگری میں جعلی نیشنل کیڈٹ کور (این سی سی) کیمپ کے دوران ایک 13 سالہ لڑکی کا جنسی استحصال اور دیگر لڑکیوں کو ہراساں کرنے کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔گرفتار شدگان میں کیمپ کے منتظمین سمیت اسکول کا پرنسپل بھی شامل ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کیمپ 5 سے 9 اگست کے درمیان منعقد کیا گیا تھا، جس میں 41 طلباء شریک تھے، جن میں 17 لڑکیاں بھی شامل تھیں۔ دورانِ کیمپ، لڑکیوں کو مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا اور ایک 13 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔