بنگلادیش کیخلاف پہلا ٹیسٹ: پاکستان کی پہلی اننگز 448 پر ڈکلیئر، رضوان کے 171، سعود کے 141 رنز

Published: 22-08-2024

Cinque Terre

راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے دن پاکستان نے بنگلادیش کے خلاف پہلی اننگز 448 رنز پر ڈکلیئر کردی۔ محمد رضوان 171 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے جبکہ سعود شکیل نے 141 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔پاکستان کی جانب سے دوسرے روز کھیل کا آغاز سعود شکیل اور محمد رضوان نے کیا۔ محمد رضوان اور سعود شکیل نے پانچویں وکٹ پر 240 رنز کی شراکت بنائی، سعود شکیل 141 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انہیں مہدی حسن میراز نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 16 رنز بنانے والے سلمان علی آغا نے محمد رضوان کا ساتھ دیا، دونوں کے درمیان 44 رنز کی پارٹنر شپ بنی، سلمان کو شکیب الحسن نے میدان بدر کیا۔ اس کے بعد پاکستان کی کوئی وکٹ نہ گری، محمد رضوان 171 اور شاہین شاہ آفریدی 29 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہتے ہوئے واپس پویلین آئے۔  بنگلادیش کی جانب سے شرف الاسلام اور حسن محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے پہلی اننگز میں بغیر کوئی وکٹ گنوائے 27 رنز بنالیے تھے۔ زاکر حسن 11 اور شادمان اسلام 12 رنز کے ساتھ تیسرے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے۔پاکستان کے 3 کھلاڑی 16 رنز پر آؤٹ ہوئے، عبداللّٰہ شفیق 2، شان مسعود 6 اور بابر اعظم صفر رن پر پویلین لوٹے، جس کے بعد صائم ایوب اور سعود شکیل کے درمیان 98 رنز کی پارٹنرشپ نے ٹیم کو سنبھالا دیا، صائم ایوب 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔بنگلا دیش کی جانب سے شریف الاسلام اور حسن محمود نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان پلیئنگ الیون میں عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد علی شامل ہیں۔