Published: 22-08-2024
اداکار عادل حسین اور ہدایتکار سندیپ ریڈی وانگا کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا، سندیپ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ انہوں نے عادل حسین کو شہرت دلوائی جبکہ عادل نے اسے یکسر مسترد کردیا۔ یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب عادل نے فلم ’کبیر سنگھ‘ کا حصہ بننے پر شرمندگی کا اظہار کیا۔ سندیپ نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے عادل کو مشہور کیا۔تاہم اپنے تازہ انٹرویو کے دوران عادل حسین نے سندیپ ریڈی وانگا کے دعوے پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر فلم ساز کو لگتا ہے کہ انہوں نے مجھے مشہور کیا، تو کیا آسکر ایوارڈ یافتہ انگ لی اور میرا نائر مجھ سے کم مشہور ہیں؟عادل حسین نے مزید کہا کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوا جب انہوں نے فلم کبیر سنگھ دیکھی اور پتہ چلا کہ فلم کی کہانی پڑھے بغیر انہوں نے بڑی غلطی کردی۔ اداکار نے کہا کہ ’میرے پاس یہ حق ہے کہ میں ان فلموں پر تنقید کروں جو خواتین کے خلاف تشدد اور نفرت کو ہوا دیتی ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ سنیما ایک طاقتور ذریعہ ہے جو معاشرے پر گہرا اثر ڈال سکتا ہے اور ایسے ملک میں جہاں لوگ ہیروز کے مجسمے بنا کر ان کی پوجا کرتے ہوں، فلمسازوں کو اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ وہ کون سی فلمیں بنانا چاہتے ہیں۔