Published: 23-08-2024
میرپور (بلال ظفر نوشاہی سے) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انور الحق نے کہاہے کہ اقتدار اللہ پاک کی عطا ہے، نظریہ الحاق پاکستان میرے لیے سے سب سے بڑھ کر ہے۔ہمارے والدین ہم اور ہماری آئندہ نسلیں اسی کے ہمیشہ سے داعی ہیں۔عوام کو بجلی اور آٹے کی تاریخ ساز سبسڈی دی اور بجٹ میں 71ارب کے خسارہ کو برداشت کیا۔جمہوری آدمی ہوں سب کو اپنے نظریہ کی آبیار ی کی اجازت ہے لیکن ریاست آپ کو نفرت یاتعصب پھیلانے کی جازت نہیں دے گی جہاں امن و امان خراب کیا گیا تو حکومت اپنے فرائض ادا کرے گی۔بلدیاتی اداروں کو 1ارب کے فنڈز دیے کہ وہ عوام کی فلاح پر لگائیں۔آزادکشمیر کا تاریخ کا پہلا ٹیکس فری بجٹ پیش کیا۔۔عوام کو ہر ممکن سہولت دے رہے ہیں مختلف شعبوں میں اصلاحات لارہے ہیں۔وکلاء کے مسائل کا ادرا ک ہے انھیں جو بھی سہولیات دے سکتے ہیں ضرور دیں گے۔حقوق کے لیے بہت سی تنظمیں بات کرتی ہیں لیکن اب فرائض کے لیے بھی بات کرنی ہوگی۔کابینہ کے موجودہ اراکین کی مراعات پر کٹوتی کی،وزیر اعظم ہاوس کے اخراجات کم کیے جس سے آج ہماری موجودہ 32رکنی کابینہ کے اخراجات سابقہ کابینہ کے اخراجات سے آدھے ہیں۔عوامی نمائندگان کی کسی صورت تذلیل کی اجازت نہیں دی جائیگی یہ ملک انہی کے ذریعہ چل رہا ہے جن کو عوام نے منتخب کیا۔آزادکشمیر اسمبلی کوئی مذاق نہیں اور نہ ہی کسی کو مذاق بنانے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔پیٹ پر پتھر باندھ کر موجودہ حکومت نے عوام کے لیے وسائل کا بندوبست کیا۔