ریونیو و انتظامی افسران قانون وآئین اور قاعدے کی عملداری کو یقینی بنائیں‘ ظہیر الدین قریشی

Published: 27-08-2024

Cinque Terre

میر پور (بلال ظفر نوشاہی سے) آزادکشمیر کے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ظہیر الدین قریشی نے کہا ہے کہ حکومت آزادکشمیر کی ہدایت کے مطابق ریونیو و انتظامی افسران قانون وآئین اور قاعدے کی عملداری کو یقینی بنائیں اپنے اپنے اضلاع میں امن وامان کے قیام او رلوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے حوالے سے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کریں۔لینڈ ریکارڈ کو کمپیوٹرائز ڈ کرنے میں حائل رکاوٹیں دور کریں اورلینڈ ریکارڈ کے متعلق جملہ کیسز کو یکسو کیا جائے۔پرائس کنٹرول اورٹریفک کنٹرول کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دی جائے۔دفتری ڈسپلن کی خود بھی پابندی کریں اور ماتحت عملہ کو بھی اپنے اختیارات کے اندر رہتے ہوئے ڈسپلن کی پابندی کروائیں۔حکومت آزادکشمیر کی طرف سے انھیں جو بھاری ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں انھیں دیانتداری اور ایمانداری کے ساتھ سرانجام دیں اور خدمت خلق کے جذبہ کے تحت عوام الناس کے لیے سہولیات باہم پہنچائیں۔فرائض سے غفلت، لاپروائی اور بددیانتی کسی صورت برادشت نہیں کی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے دورہ میرپور کے دوران ڈویژن میرپور کے ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی،ایڈیشنل کمشنر ساجد حسین،ڈپٹی کمشنر میرپور یاسر ریاض،ڈپٹی کمشنر بھمبر مرزا ارشد محمود جرال،ڈپٹی کمشنر کوٹلی چوہدری حق نواز،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یاسر محمود، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید نسیم عباس شاہ، افسر مال سید کلیم عباس شاہ،اسسٹنٹ کمشنر میرپور راجہ زاہد حسین،اسسٹنٹ کمشنر فتح پور تھکیالہ سیماب اسلم،اسسٹنٹ کمشنر چڑھوئی نزاکت حسین،اسسٹنٹ کمشنر کوٹلی چوہدری محمد اقبال،اسسٹنٹ کمشنر سماہنی عمر طارق،اسسٹنٹ کمشنر اسلام گڑھ یاسر آفتاب گردیزی،اسسٹنٹ کمشنر کھوئی رٹہ تنویر الاسلام،اسسٹنٹ کمشنر ڈڈیال یاسر علی بخاری،تحصیلدار محمد نوازکے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنر میرپور ڈویژن چوہدری شوکت علی نے ڈویژن میرپور کے متعلق بریفنگ دی اور جملہ مسائل و معاملات سے انھیں آگاہ کیا۔