اسرائیلی فوج کا دیرالبلح و خان یونس پر حملوں میں اضافہ، 20 سے زائد فلسطینی شہید

Published: 28-08-2024

Cinque Terre

اسرائیلی فوج نے دیرالبلح اور خان یونس پر حملوں میں اضافہ کردیا، صبح سے اب تک مزید 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ المغازی ریفیوجی کیمپ میں بمباری سے تین فلسطینی شہید ہوئے۔ اقوام متحدہ دیرالبلح سے اسرائیلی فوج کے انخلا کے حکم کے بعد غزہ کےلیے امدادی آپریشن روکنے پر مجبور ہوگیا۔ بچوں اور خواتین سمیت لاکھوں فلسطینی امدادی خوراک سے محروم ہوگئے۔اقوام متحدہ نے اپنا امدادی آپریشن سینٹر رفح کے بعد دیرالبلح منتقل کردیا تھا۔ اسرائیل نے صرف گزشتہ 6 دن میں بےگھر فلسطینیوں کو پانچ مرتبہ انخلا کے احکامات جاری کیے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے 26 مئی کو رفح میں بےگھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کی جنگی جرائم کے تحت تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ اس اسرائیلی حملے میں 23 فلسطینی شہید ہوگئے تھے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ سے ایک اسرائیلی یرغمالی بازیاب کروانے کا دعویٰ کردیا جبکہ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ یرغمالی غزہ سے بھاگ کر اسرائیل پہنچا ہے۔  ادھر مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کے یہودی آبادکاروں کے ساتھ حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ میں پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد پولیو ویکسی نیشن کی پہلی کھیپ غزہ پہنچ گئی۔ یورپی یونین خارجہ پالیسی چیف جوزف بوریل نے پولیو ویکسی نیشن کے لیے غزہ میں فوری تین روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔ ادھر امریکا کا کہنا ہے خطے میں امن کے لیے جنگ بندی معاہدہ جلد کرانے اور بڑی جنگ سے بچنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔