Published: 01-09-2024
بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کے الزام میں گرفتار سنجے رائے نے جیل میں ملنے والے کھانے پر نخرے دکھانا شروع کردیے۔9 اگست 2024 کو کولکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اسپتال میں 31 سالہ پوسٹ گریجویٹ تربیتی ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کا واقعہ پیش آیا۔ وہ اسپتال کے سیمینار ہال میں چہرے پر زخموں کے ساتھ مردہ پائی گئی تھیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی اور قتل کے الزام میں قید سنجے رائے نے پریذیڈنسی جیل میں دی جانے والی روٹی اور سبزیوں پر غصے کا اظہار کیا ہے۔ملزم سنجے رائے اس وقت پریذیڈنسی جیل میں قید ہیں، اس نے جیل میں فراہم کیے جانے والے کھانے پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے روٹی اور سبزی کے بجائے انڈا چاؤمین کی فرمائش کی ہے۔جیل کے قوانین کے مطابق تمام قیدیوں کو وہی کھانا دیا جاتا ہے جو سب کے لیے تیار کیا جاتا ہے، اس لیے سنجے رائے کی درخواست مسترد کر دی گئی۔ جیل ذرائع کے مطابق سنجے رائے کو جب روٹی اور سبزی کا معیاری کھانا دیا گیا تو وہ مشتعل ہوگیا، لیکن جیل عملے کی سرزنش کے بعد اس نے بلآخر کھانا کھانے پر رضا مندی ظاہر کی۔اس سے قبل، جب سنجے رائے کو سی بی آئی کی حراست سے جیل منتقل کیا گیا تھا، تو اس نے نیند کےلیے اضافی وقت کی درخواست کی تھی اور اسے خود کلامی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ تاہم، کچھ دنوں بعد وہ معمول کی حالت میں واپس آ گیا۔یاد رہے کہ کولکتہ ڈاکٹر کے ساتھ زیادتی قتل کیس کی تحقیقات کے دوران اب تک صرف ایک گرفتاری عمل میں آئی ہے، جس میں کولکتہ پولیس کے سِوک والنٹیئر سنجے رائے کو گرفتار کیا گیا ہے، جو اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔دوسری جانب جمعہ کو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے آر جی کار میڈیکل کالج کے سابق پرنسپل سندیپ گھوش کو کیس کے سلسلے میں مسلسل 14ویں دن پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ سی بی آئی کے حکام کے مطابق سندیپ گھوش سے پہلے ہی 140 گھنٹوں سے زیادہ پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔اس ہولناک جرم کے علاوہ، سندیپ گھوش مالی بدعنوانی کے معاملے میں بھی ایجنسی کے نشانے پر ہیں، جس میں تحقیقاتی افسران نے ان کے اور دیگر افراد کے خلاف پہلے ہی ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ایجنسی کے حکام نے پچھلے اتوار کو ان کے گھر کی تلاشی لی اور ان سے پوچھ گچھ بھی کی۔اس سے قبل جمعرات کو سی بی آئی کی متعدد ٹیموں نے اپنی جاری تحقیقات کے حصے کے طور پر آر جی کار اسپتال کا دورہ بھی کیا۔