یوراگوئے کے سواریز آنکھوں میں آنسو لیے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائر

Published: 04-09-2024

Cinque Terre

یوراگوئے کے معروف فٹبالر لوئس سواریز نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ وہ یہ اعلان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔آنکھوں میں آنسو لیے سواریز نے اعلان کیا کہ پیراگوئے کے خلاف یوراگوئے کا ورلڈکپ کوالیفائر ان کے ملک کےلیے آخری میچ ہوگا۔ریٹائرمنٹ کی پریس کانفرنس میں انکا کہنا تھا کہ “میں نے اس بارے میں بہت سوچا اور تجزیہ کیا، مجھے یقین ہے کہ یہ صحیح وقت ہے۔”انہوں نے مزید کہا کہ “میں چاہتا ہوں کہ جب میں اپنی قومی ٹیم کے ساتھ آخری میچ کھیلوں تو میں پرسکون رہوں۔ میں اتنا ہی پُرجوش ہوں گا جتنا کہ 2007 میں تھا جب میں نے پہلی بار اپنی قومی ٹیم کےلیے کھیلنا شروع کیا تھا۔”سواریز نے مزید کہا کہ “وہ 19 سال کا لڑکا اب ایک سینئر کھلاڑی بن چکا ہے، جو قومی ٹیم کے ساتھ ایک شاندار تاریخ رکھتا ہے اور ٹیم کےلیے اپنی جان دینے کو تیار ہے۔”خیال رہے کہ 37 سالہ سواریز نے فروری 2007 میں کولمبیا کے خلاف اپنے یوراگوئے کے کیریئر کا آغاز کیا اور یوراگوئے قومی فٹبال ٹیم کےلیے 9 بڑے بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں حصہ لیا۔وہ یوراگوئے کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی ہیں جنہوں نے 142 میچز میں 69 گول کیے۔سواریز نے 2011 میں یوراگوئے کو ارجنٹائن میں کوپا امریکا کا ٹائٹل جتوایا، جہاں وہ چار گول کے ساتھ دوسرے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی رہے۔