Published: 04-09-2024
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے تمام اسپورٹس فیڈریشنز کو خط ارسال کرکے مالی معاملات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ پی ایس بی کے خط میں تحریر کیا گیا کہ کھیلوں کی 44 فیڈریشن اپنے سالانہ آڈٹ شدہ حسابات اور بینک اسٹیٹمنٹس 15 ستمبر 2024 تک جمع کروائیں۔اس میں کہا گیا کہ تمام فیڈریشنز کو 30 جون 2024 کو ختم ہونے والے مالی سال کے مکمل آڈٹ شدہ مالیاتی گوشوارے جمع کروانے ہوں گے۔خط میں پی ایس بی کا کہنا تھا کہ گوشواروں کی تصدیق تسلیم شدہ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم سے کروانا لازمی ہوگی۔ یکم جنوری 2023 سے 31 اگست 2024 تک کی مدت کےلیے تمام بینک اسٹیٹمنٹس کی بینک سے تصدیق شدہ نقول بھی جمع کروانا ہوں گی۔پاکستان اسپورٹس بورڈ کے مطابق تفصیلات طلب کرنے کا مقصد اس امر کا جائزہ لینا ہے کہ فیڈریشنز کو فراہم کردہ فنڈز کھلاڑیوں کی ترقی اور معاونت کےلیے استعمال ہوئے ہیں؟خط میں فیڈریشنز کو متنبہ کیا گیا کہ دستاویزات کی عدم فراہمی کی صورت میں فیڈریشنز کی مستقبل کی مالی معاونت روکی جا سکتی ہے۔اس میں یہ بھی کہا گیا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ فنڈز کا درست استعمال ہو اور اس کا فائدہ ان کھلاڑیوں کو پہنچے۔