دبئی میں خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کا الزام، بھارتی اداکار پر مقدمہ درج

Published: 04-09-2024

Cinque Terre

جنوبی بھارت کی ملیالم فلم انڈسٹری کے اداکار نوین پالے کے خلاف ریپ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اداکار پر الزام ہے کہ انہوں نے خاتون کو دبئی میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، تاہم نوین پالے نے ان الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملیالم فلموں کے معروف اداکار نوین پالے کے خلاف منگل کو ایک 40 سالہ خاتون کی شکایت پر ریپ کا مقدمہ درج کیا گیا۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ نوین نے ایک سال قبل دبئی میں ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔اوننکل پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ آئی پی سی کی دفعہ 376 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے، جس میں 6 افراد کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے، جن میں ایک عورت بھی شامل ہے جبکہ نوین پالے اس کیس میں چھٹے ملزم ہیں۔افسر کے مطابق خاتون نے الزام عائد کیا کہ یہ واقعہ ایک سال قبل دبئی میں پیش آیا تھا۔ تاہم افسر نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کردیا۔واضح رہے کہ نوین پالے ان کئی اداکاروں اور ہدایتکاروں میں شامل ہیں جن پر جسٹس ہیما کمیٹی کی رپورٹ کے بعد خواتین اداکاراؤں نے جنسی ہراسانی یا ریپ کے الزامات عائد کیے ہیں۔اپنے اوپر عائد الزام کو مسترد کرتے ہوئے اس حوالے سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اپنا ردِ عمل بھی دے دیا۔ فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر اپنے پیغام میں نوین پالے نے کہا کہ مجھ پر ایک لڑکی کیساتھ زیادتی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، تاہم یہ معاملہ جھوٹا اور بےبنیاد ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ان الزامات کو بےبنیاد ثابت کرنے اور ذمہ داروں کو قانون کے دائرے میں لانے کےلیے تمام ضروری اقدامات کروں گا۔