بلاول کی وزیر اعظم سے ملاقات، ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف

Published: 12-09-2024

Cinque Terre

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے بلاول بھٹو کی قیادت میں  ملاقات کی، جس میں پیپلز پارٹی نے حکومتی پالیسیوں اور اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے، وفد میں سید نوید قمر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی شامل تھے۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ اور اٹارنی جنرل بھی شریک تھے۔اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، پیپلز پارٹی کے وفد نے ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومتی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی اور حکومتی پالیسیوں و اقدامات پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کی اہم اتحادی جماعت ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ملکی معیشت کے استحکام کے لئے حکومت کا ہر اقدام میں ساتھ دیا۔وزیر اعظم نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی پارلیمنٹ میں دی گئی تجویز "چارٹر آف پارلیمنٹ" کو سراہا اور اس بات کا اظہار کیا کہ اس سے جمہوریت اور پارلیمنٹ مزید مضبوط ہوں گے۔