Published: 12-09-2024
ایران کے صدر مسعود پزشکیان پڑوسی ملک عراق کے تین روزہ دورے پر دارالحکومت بغداد پہنچ گئے، منصب صدارت سنبھالنے کے بعد انکا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے بغداد کے ہوائی اڈے پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ایرانی صدر نے بغداد کے ہوائی اڈے سے مقتول ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی ابو مہدی المہندس کے مزارات پر حاضری دی۔ عراقی وزیراعظم کے آفس کے مطابق وزیراعظم السوڈانی نے ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ پہنچنے والے وفد کے ساتھ جامع مذاکرات کیے، جس کے بعد صدر پزشکیان اور السوڈانی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لئے 14 معاہدوں پر دستخطی تقریب میں شرکت کی۔ معاہدے ٹیکس تعاون، زراعت، قدرتی وسائل، اطلاعات، سماجی تحفظ، یوتھ اور اسپورٹس، تعلیم، سیاحت، ثقافت، تاریخی نوادرات کی پیشہ وارانہ تعلیم اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر مشتمل ہیں۔ ایران کے صدر عراق کے صدر عبداللطیف رشید، قومی اسمبلی کے اسپیکر محسن مندلاوی اور بعض سیاسی سربراہان کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔تین روزہ دورے کے دوران وہ نجف، کربلا، بصرہ اور اربیل کا بھی دورہ کریں گے۔