مینا کماری اور کمال امروہی کی محبت کی کہانی پر پوتے کا فلم بنانے کا اعلان

Published: 12-09-2024

Cinque Terre

ہندی سنیما کے سنہرے دور کی مقبول ترین اداکاراؤں میں سے ایک مینا کماری کی محبت کی کہانی پر مبنی فلم بنانے کا اعلان کردیا گیا۔ اداکارہ کی زندگی پر مبنی بائیوپک کی خبریں کافی عرصے سے گردش کر رہی تھیں۔ بالآخر ساریگاما اور کمال امروہی کے پوتے بلال امروہی سمیت دیگر شراکت داروں نے مینا کماری اور ان کے شوہر کمال امروہی کی محبت کی کہانی پر فلم کا اعلان کر دیا ہے۔سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی شیئر کی گئی جس کا آغاز مینا کماری کی پرانی تصاویر اور اردو میں لکھے گئے خطوط سے ہوتا ہے جبکہ پس منظر میں مینا کماری اور کمال امروہی کی آوازیں سنائی دیتی ہیں۔ویڈیو میں فلم پاکیزہ سے مینا کماری کا ایک منظر بھی دکھایا گیا ہے جبکہ ویڈیو میں کیپشن کے ذریعے کہا گیا کہ ’ایک فلم ساز۔۔۔ ایک محبوبہ۔۔۔ ان کی محبت کی داستان۔۔ ایک خواب جو مر کر بھی زندہ رہا‘۔ اس ویڈیو کا اختتام گانے ’چلتے چلتے‘ سے کیا گیا۔ناصرف مداحوں بلکہ فلمی دنیا کے ستاروں نے بھی اس پوسٹ پر دلچسپ تبصرے کیے۔ کئی مداحوں نے اس فلم کےلیے شردھا کپور کو مینا کماری کے کردار کےلیے منتخب کرنے کی درخواست کی جبکہ کچھ نے اس جوڑی کےلیے ورون دھون اور شردھا کپور کی جوڑی کو فلم میں دیکھنے کی خواہش ظاہر کی۔فلمی تجزیہ کار ترن آدرش نے تفصیلات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فلم کمال اور مینا کی 20 سالہ محبت کی کہانی کو بیان کرے گی جو ان کی پہلی ملاقات سے لے کر فلم ’پاکیزہ‘ کی تخلیق اور ریلیز تک کے سفر پر مشتمل ہوگی۔فلم کی ہدایتکاری سدھارتھ پی ملہوترا کریں گے جبکہ اے آر رحمان، ارشاد کامل، بھوانی آئیر اور کوثر منیر جیسے نامور فنکار اس پروجیکٹ کا حصہ ہوں گے۔ فلم 2025 میں شوٹنگ کے بعد 2026 میں ریلیز ہوگی۔مینا کماری، جنہیں ماہ جبین بانو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، نے بیجو باورا (1952)، پری نیتا (1953)، دِل اپنا اور پریت پرائی (1960)، صاحب بی بی اور غُلام (1962) اور پاکیزہ (1972) جیسی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا۔ مینا کماری نے 14 فروری 1952 کو کمال امروہی سے خفیہ طور پر شادی کی تھی۔ کمال امروہی ایک معروف فلم ساز اور اسکرین رائٹر تھے۔