Published: 04-10-2024
بیٹے اور بہو کی طلاق پر تبصرہ کرنے پر سینئر اداکار ناگرجنا نے وزیر کونڈا سریکا کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔ اداکار ناگا چیتنیا نے جمعرات کی شام سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں بتایا کہ ان کے والد، اداکار ناگرجنا نے تلنگانہ کی وزیر کونڈا سریکا کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔خیال رہے کہ سریکا نے ناگا چیتنیا اور ان کی سابقہ اہلیہ سمانتھا رتھ پربھو کی طلاق پر نازیبا تبصرہ کیا تھا۔چیتنیا نے کورٹ میں جمع کروائی گئی شکایت کی تصویر شیئر کی، جس میں ناگرجنا کو شکایت کنندہ اور کونڈا سریکا کو ملزمہ قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس پوسٹ پر کوئی کیپشن نہیں دیا۔تلنگانہ کی وزیر کونڈا سریکا نے الزام لگایا تھا کہ ناگا چیتنیا اور سمانتھا کی طلاق کا تعلق بھارت راشٹر سمیتی کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ سے ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ راما راؤ نے اداکاراؤں کے فون ٹیپ کیے اور انہیں بلیک میل کیا۔بعد میں سریکا نے اپنے الفاظ واپس لے لیے اور کہا کہ ان کا تبصرہ کسی کو تکلیف پہنچانے کےلیے نہیں تھا، میرے تبصرے خواتین کی توہین کے خلاف تھے نہ سمنتھا کی دل آزاری کے لیے۔سمانتھا رتھ پربھو نے بھی وزیر کونڈا سریکا کے تبصروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی طلاق ایک "ذاتی معاملہ" ہے۔