Published: 07-10-2024
کراچی ایئرپورٹ سگنل کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس میں 2 افراد جاں بحق اور 10 افراد زخمی ہوگئے۔ نشانہ بننے والی گاڑی میں غیرملکی سوار تھے۔ دھماکے سے 2 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں میں آگ لگی، اطلاع پر فائر بریگیڈ کی گاڑیوں نے پہنچ کر آگ بجھائی۔ واقعے میں زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز قیوم آباد، ڈیفنس، جمشید روڈ کے اطراف بھی سنی گئی۔ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں 2 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرنے میں وقت لگے گا، دھماکے کے بعد آگ لگنے سے نقصان ہوا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک فارنزک رپورٹ نہیں آتی مقامی پولیس کوئی بیان نہیں دے گی۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئرپورٹ پر تمام تنصیات محفوظ ہیں۔ اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ سگنل کے قریب زودار دھماکا ہوا، ابتدائی طور پر لگتا ہے دھماکا آئل ٹینکر میں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ ایئرپورٹ کے قریب تین، چار گاڑیوں میں آگ لگی، ریسکیو اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی موقع پر پہنچے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے دھماکے پر کراچی پولیس چیف سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی جائے، زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دھماکے کی نوعیت کیا تھی، رپورٹ فراہم کی جائے۔ واقعے کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ دیں۔ ایئر پورٹ کی طرف آنے اور جانے والے راستے بحال رکھیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔وزیر داخلہ سندھ نے ایس ایس پی ملیر سے رابطہ کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حقائق سے فی الفور آگاہ کیا جائے، ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ علاقہ پولیس اور افسران جائے وقوع پر موجود ہیں۔ایس ایس پی ملیر کی جانب سے وقوعے سے متعلق تمام حقائق جلد عوام کے سامنے لانے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔ضیاء الحسن لنجار کا کہنا ہے کہ تفصیلات میں تمام پہلوؤں اور زاویوں کا احاطہ کیا جائے۔ دھماکے میں 7 سے 8 افراد زخمی ہیں۔وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ دھماکے کا نشانہ بننے والی گاڑی میں غیرملکی شہری سوار تھے۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک غیر ملکی شہری زخمی ہوا۔دوسری جانب اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ خاتون سمیت 10 زخمی جناح اسپتال لائے گئے ہیں۔