پاکستان کرکٹ ٹیم کبھی بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے: گلین میکسویل

Published: 07-10-2024

Cinque Terre

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کبھی بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ گلین میکسویل نے میلبرن میں آسٹریلیا کے سمر کرکٹ فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا غیر متوقع ہونا ٹیم کو ٹف بنا دیتا ہے، ماضی میں ہمیں پاکستان کے خلاف چیلنجر کا سامنا رہا ہے، پاکستانی ٹیم مختلف اوقات میں بہت خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے آپ یہ نہیں جان سکتے کہ آپ کو ان سے کیا توقع کرنی چاہیے، ہمیں بابر اعظم کے اوپر نظر رکھنا ہو گی، وہ ایک سپر اسٹار کھلاڑی ہیں۔آسٹریلوی آل راؤنڈر نے کہا کہ شاہین آفریدی نئے بال کے ساتھ ایک جادوگر فاسٹ بولر ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ورلڈ کلاس پلیئرز ہیں، ہم آئندہ سیریز میں چیلنج کے منتظر ہیں، ہم سیریز کی تیاری کر رہے ہیں، ہمیں برتری برقرار رکھنے کے لیے بہترین کھیل پیش کرنا ہو گا، ہم اس سیریز کو آسان نہیں لے رہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے آئندہ ماہ وائٹ بال سیریز کے لیے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے، اس سیریز میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔