Published: 07-10-2024
انگلش ٹیم کے فاسٹ بولر گس ایٹکنسن نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے کافی پُرجوش ہوں، یہاں آکر بڑی خوشی ہوئی، اس سے پہلے پی ایس ایل کے لیے ایک بار پاکستان آچُکا ہوں۔گس ایٹکنسن نے کہا کہ یہاں کے موسم سے ہم آہنگ ہونے کی کوشش کی کیونکہ ظاہر سی بات ہے انگلینڈ کی نسبت یہاں کا موسم کافی گرم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے بہترین ٹریننگ سیشن کیے گو کہ یہاں کی کنڈیشنز مختلف ہیں مگر کچھ زیادہ مختلف کرنے کی کوشش نہیں کریں گے۔انگلش کرکٹر نے کہا کہ جو کھلاڑی یہاں آکر کھیل چُکے ہیں ان سے بھی بات چیت کی ہے اور میں اپنے انداز سے کھیل کر بہترین کرنے کی کوشش کروں گا۔اُنہوں نے کہا کہ انجریز کی وجہ سے کچھ سینیئر کھلاڑیوں کو مس کر رہے ہیں مگر ہمارا باؤلنگ اٹیک کافی اچھا ہے اور ہمارے پاس تجربہ کار کرس ووکس سمیت کچھ نوجوان بو لرز بھی موجود ہیں۔گس ایٹکنسن نے کہا کہ بابر، رضوان اور شاہین سمیت پاکستان کے پاس کچھ زبردست کھلاڑی ہیں، ابھی میں نے یہ فیصلہ نہیں کیا کہ کس کھلاڑی کو ٹارگٹ کرنا ہے مگر یہ ایک اچھا ٹیسٹ ہوگا، میں زیادہ سے زیادہ وکٹس لینے اور رنز بنانے کی کوشش کروں گا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ بارمی آرمی کو یہاں دیکھ کر اچھا لگا، فینز کو دیکھ کر ویسے ہی بڑا اچھا لگتاہے۔