دوسرا ٹیسٹ: دوسرے دن کا کھیل ختم، انگلینڈ 127 رنز خسارے میں، پاکستان کی گرفت مضبوط

Published: 17-10-2024

Cinque Terre

انگلینڈ کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ میں شدید مشکلات کا شکار ہوگئی، دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک مہمان ٹیم 6 وکٹوں پر 239 رنز بناسکی جبکہ پاکستان کی برتری ختم کرنے کیلئے اسے مزید 127 رنز درکار ہیں۔ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے اپنی پوزیشن مضبوط بنالی۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 366 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔تاہم انگلینڈ نے بھی بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا جہاں بین ڈکٹ نے سنچری جڑ دی، لیکن انکی یہ سنچری بھی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نہ نکال سکی، کیونکہ اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی نے چار اہم کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے پولین لوٹا کر انگلینڈ کے لیے مشکلات کھڑی کردیں۔ بین ڈکٹ 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جو روٹ 34، اولی پاپ 29 اور زیک کراؤلے 27 رنز کے مہمان ٹھہرے۔ گزشتہ میچ کے ٹرپل سنچری میکر ہیری بروک نے 9 اور کپتان بین اسٹوکس ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کو پاکستان کی برتری ختم کرنے میں مزید 127 رنز درکار ہیں جبکہ اسکی صرف 4 وکٹیں باقی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے اب تک ساجد خان نے 4 جبکہ نعمان علی نے دو وکٹیں لی ہیں۔ واضح رہے کہ پہلی اننگز میں پاکستان کی طرف سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے کامران غلام نے سنچری بنائی تھی جبکہ صائم ایوب 77 رنز بنا کر دوسرے ٹاپ اسکورر تھے۔  خیال رہے کہ پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی تھی۔