Published: 17-10-2024
جھنگ (چوہدری بلال بیورو چیف) محکمہ زراعت پنجاب کے زیر اہتمام گندم و تیل دار اجناس کی فروغ کے لیے مہم زور و شور سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں دفتر محکمہ زراعت جھنگ میں اینگرو فرٹیلائزرز کے اشتراک سے سیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں کاشتکاروں کو گندم اور تیل دار اجناس کے فوائد کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ سیمینار میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر خالد اقبال، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع مہر ناصر سیال، زراعت آفیسر میڈم عائزہ رباب، منصف نوید آر ایم اینگرو فرٹیلائزرز فیصل آباد، ایم منیب افضل ٹیکنیکل آفیسر اینگرو فرٹیلائزرز جھنگ، میاں مظہر حسین کھوکھر، چوہدری ناصر واہلہ، مہر رمضان نول کسان عوامی پارٹی، حاکم خان سیال، شیخ اسلم، افتخار خان جٹیانہ اور 150 سے زائد ترقی پسند گندم کے کاشتکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر زراعت آفیسران نے شرکاء سیمینار کو گندم کی اقسام کے انتخاب، بیج کی صفائی کے فوائد اور بروقت بوائی کے ساتھ ساتھ کھادوں کے متوازن استعمال کے بارے میں تربیت دی اور کینولا اور دیگر آئل سیڈ فصلوں کی پیداواری کاشت کے بارے میں تربیت دی جبکہ غذائی تحفظ کے چیلنجز اور گندم کی فی ایکڑ پیداوار کو زیادہ سے زیادہ کرنے میں کسانوں کے کردار کے بارے میں ایک جامع لیکچر دیا گیا۔ اس موقع پر کسانوں کو بریف کرتے ہوئے منصف نوید آر ایم اینگرو فرٹیلائزرز فیصل آباد ریجن نے کینولا اور گندم کی فصلوں میں کھادوں کے متوازن استعمال کے بارے میں لیکچر بھی دیا۔ سیمینار میں شرکت کرنے والے کسانوں کا کہنا تھا کہ ایسے سیمینار ہونے چاہیں تا کہ کسان اپنی فصل کی کاشت جدید طریقہ سے کر کے بہتر پیداوار حاصل کریں اور ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔