چیف جسٹس نے مخصوص نشستوں کے کیس میں 8 ججز کی وضاحت پر ڈپٹی رجسٹرار سے وضاحت طلب کرلی

Published: 19-10-2024

Cinque Terre

سپریم کورٹ میں مخصوص نشستوں کے کیس میں 8 ججز کی دوسری وضاحت پر چیف جسٹس نے ڈپٹی رجسٹرار سے وضاحت طلب کرلی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ مجاہد محمود سے وضاحت طلب کرلی، اسسٹنٹ رجسٹرار شاہد حبیب اور ویب ماسٹر عاصم جاوید سے بھی وضاحت طلب  کی گئی ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ اوریجنل فائل جمع کیے بغیر وضاحت کیسے جاری ہوئی؟ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی رجسٹرار اور اسسٹنٹ رجسٹرار عمل درآمد کو وضاحت کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔چیف جسٹس کی جانب سے ویب ماسٹر سے پوچھا گیا کہ بغیر اوریجنل فائل جمع کروائے وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر کیسے آئی؟خیال رہے کہ مخصوص نشستوں کے کیس پر سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ دینے والے 8 ججوں نے گزشتہ روز دوسری مرتبہ وضاحت جاری کی تھی۔سپریم کورٹ کی جانب سے دوسری بار وضاحت الیکشن کمیشن کی درخواست پر دی گئی، جس میں کہا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم سے 12 جولائی کا فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہو سکتا، الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے ماضی سے اطلاق کو وجہ بنا کر فیصلہ غیر مؤثر نہیں ہوسکتا۔