شردھا کپور سے متعلق ایک خبر نے انٹرنیٹ پر نئی بحث چھیڑ دی

Published: 22-10-2024

Cinque Terre

کیا شردھا کپور آئٹم نمبر میں سمانتھا رتھ پرابھو اور تمنا بھاٹیہ کو مات دے سکتی ہیں؟ یہ سوال انٹرنیٹ پر زیر بحث ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر 6 دسمبر 2024ء کو ریلیز ہونے والی فلم ’پشپا2‘ کے حوالے سے یہ خبر زیر گردش ہے کہ اس میں شردھا کپور اداکار الو ارجن کے مقابل آئٹم نمبر کریں گی۔37 سالہ شردھا کپور فلم استری 2 میں اپنی شاندار پرفارمنس کے بعد ایک بار پھر گفتگو کا موضوع بن گئی ہیں، اس فلم نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کمائی کی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور استری 2 کے بعد کیا کرنے جارہی ہیں؟ تاحال اس بارے میں کوئی تصدیق نہیں ہوئی، کچھ رپورٹس ہیں کہ وہ ایکشن تھرلر فلم دھوم 4 میں رنبیر کپور کے مقابل جلوہ گر ہوسکتی ہیں۔تازہ خبر یہ ہے کہ شردھا کپور آئٹم سونگ کے ذریعے تیلگو سپر اسٹار الو ارجن کے ساتھ پشپا 2 کا حصہ بن سکتی ہیں۔الو ارجن کی فلم سیریز کا پہلا حصہ 2021ء میں پشپا راج کے نام سے سامنے آیا تھا، اس ایکشن ڈرامہ فلم میں اداکاروں کی پرفارمنس، کہانی اور سمانتھا کے آئٹم نمبر کو بہت پسند کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق اس فلم میں آئٹم نمبر کے حوالے سے پہلے یہ خبر چل رہی تھی کہ ’دیشا پٹانی‘ سمانتھا کی جگہ پرفارمنس دیں گی لیکن اب لگتا ہے کہ شردھا کپورکی حالیہ مقبولیت کے پیش نظر انہیں پشپا 2 میں جگہ دی جاسکتی ہے۔فی الحال شردھا کپور یا فلم کی انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر زیر گردش خبروں کے حوالے سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔اس اطلاع پر انٹرنیٹ صارفین دو گروپ میں بٹ گئے ہیں، کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ الو ارجن کے ساتھ شردھا کپور کی کیمسٹری پردے پر جچے گی جبکہ بہت سے کہتے ہیں وہ کسی بھی طرح سمانتھا کی طرح پراثر ثابت نہیں ہوگی۔انٹرنیٹ صارفین نے تبصرے میں کہا کہ یہ سمانتھا کی جگہ لے سکتی ہے اور نہ ہی مات دے سکتی ہے۔اس دوران ایک صارف نے شردھا کپور کا موازنہ تمنا بھاٹیہ سے کیا، جس نے استری 2 میں آئٹم نمبر ’آج کی رات‘ سے دھوم مچادی ہے۔اس پر ایک صارف نے کہا آئٹم نمبر میں تمنا کو تو کوئی بھی نہیں ہراسکتا ہے، شردھا کپور آئٹم سونگ کے لیے موزوں نہیں۔