بھارت: بیٹے کی موت سے لاعلم نابینا ماں باپ نے لاش کے ساتھ 4 دن گزار دیے

Published: 29-10-2024

Cinque Terre

جنوبی بھارت کے شہر حیدر آباد میں نابینا والدین نے کئی روز اپنے مردہ بیٹے کے ساتھ گزار دیے کیونکہ انھیں علم ہی نہیں تھا کہ ان کا بیٹا اب اس دنیا میں نہیں ہے۔ اس صورتحال کا اس وقت پتہ چلا جب پڑوسیوں کو گھر سے بدبو آئی۔ جس کے بعد منگل کو حکام جب اس مکان پر پہنچے تو انھوں نے نیم بے ہوش نابینا میاں بیوی کو ریسکیو کیا۔نابینا جوڑے کے 30 سالہ بیٹے کی لاش کو اسپتال پہنچایا گیا، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وہ چار روز قبل مر گیا تھا، تاہم یہ دونوں نابینا ہونے کی وجہ سے لاعلم رہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا گہری نیند کے دوران مر گیا تھا، جبکہ دونوں نابینا ماں باپ خوراک اور پانی کے لیے بیٹے سے رابطے کی کوشش کرتے رہے۔جوڑے کی دھیمی آواز کی وجہ سے پڑوسی بھی انھیں سن نہ سکے۔ بعدازاں پولیس نے دونوں کو خوراک اور پانی فراہم کیا جس کے بعد ان کے بڑے بیٹے کو اس صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔