پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی کا غیرمعمولی کانگریس اجلاس طلب

Published: 07-11-2024

Cinque Terre

پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے غیرمعمولی کانگریس اجلاس طلب کرلیا، 19 نومبر کو لاہور میں بلائے گئے اجلاس کا ایجنڈا پی ایف ایف آئین میں ضروری تبدیلی ہے۔پی ایف ایف نے ڈپارٹمنٹس کو کانگریس کیلئے بلا لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی الیکشن کے سرکاری نتائج مکمل ہوتے ہی ان کو بھی کانگریس کیلئے بلا لیا جائے گا۔پی ایف ایف آئین میں الیکشن عمل کے حوالے سے موجود شقوں میں ترامیم ایجنڈے میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ایف ایف آئین کی شق 38 اور شق 90 میں ترامیم لائی جائے گی، الیکشن کے بارے میں شقوں میں ترامیم فیفا کی ہدایات کے تحت ہوں گی۔ذرائع نے بتایا کہ پی ایف ایف آرٹیکل 38 میں درج صدارتی امیدوار کی اہلیت کی شق میں ترمیم ہوگی۔ آرٹیکل 90 میں الیکشن کے طریقہ کار اور مدت کے آغاز کی شق میں ترمیم کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف آئین کی دیگر شقوں میں بھی ترامیم کی گنجائش موجود ہے۔خیال رہے کہ فیفا پہلے ہی نارملائزیشن کمیٹی کو پی ایف ایف کے قوانین میں ترمیم کی اجازت دے چکی ہے۔ پی ایف ایف کانگریس کے موقع پر فیفا اور اے ایف سی کا پانچ رکنی وفد بھی پاکستان آئے گا۔